20-10-2026
انٹرنیشنل شیفس ڈے کے موقع پر دی کوکاکولا فاؤنڈیشن اور کیئر پاکستان نے دو سالہ ہوم شیفس پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا۔ منصوبے کے تحت پاکستان کے آٹھ شہروں میں 8 ہزار سے زائد افراد کو کاروباری تربیت فراہم کی گئی، جن میں تقریباً 7,200 خواتین شامل ہیں۔
دی کوکاکولا فاؤنڈیشن کی مالی معاونت سے کیئر پاکستان کے زیرِ انتظام اس منصوبے کا مقصد نئے اور پہلے سے گھریلو پیمانے پہ کام کرتے ہوم شیفس کو اپنی کھانا پکانے کی مہارت کو مزید فعال بنانے اورمنظم کاروبارمیں بدلنے کے قابل بنانا تھا۔ کھانا پکانے کی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شرکاء کو مالیاتی نظم و نسق، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کاروباری منصوبہ بندی، ای کامرس اور مارکیٹ سے مؤثر رابطے سے متعلق عملی تربیت دی گئی، تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مؤثر انداز میں شروع کر سکیں، بہتر طریقے سے چلا سکیں اور اسے مزید وسعت دے سکیں۔
منصوبے کے تحت لاہور، ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کراچی، سیالکوٹ اور اسلام آباد میں ایسے ہوم شیفس کو تربیت دی گئی، جس سے بالخصوص خواتین اور کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے معاشی مواقع تک رسائی کو وسعت دینے میں مدد ملی۔
دی کوکاکولا فاؤنڈیشن کے صدر کارلوس پاگوآگا نے کہا:
"دی کوکاکولا فاؤنڈیشن میں ہمارا ماننا ہے کہ خوشحال معاشرے اس وقت بنتے ہیں جب لوگوں کو اپنی صلاحیتوں کو پائیدار ذریعۂ معاش میں تبدیل کرنے کے مواقع ملیں۔ اسی لیے ہم نےکیئر پاکستان کی معاونت سے اس پراجیکٹ کو تشکیل دیاتاکہ ابھرتے ہوئے کاروباری افراد، خصوصاً خواتین، کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کی جا سکے اور انہیں اپنے کاروبار کو بڑھانے اور مستحکم رکھنے کے لیے ضروری کاروباری، مالیاتی اور ڈیجیٹل مہارتیں مضبوط بنانے میں مدد ملے۔ ہوم شیفس پراجیکٹ کا مقصد معاشی مواقع میں اضافہ کرنا اور مقامی سطح پر تبدیلی لانے والے ایسے افراد کی معاونت کرنا ہے جو اپنے خاندانوں اور معاشروں کے لیے دیرپا اثر پیدا کرتے ہیں۔"
منصوبے کی اختتامی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں پراجیکٹ میں شریک ہوم شیفس، حکومتی نمائندوں، ترقیاتی اداروں، صنعت سے وابستہ شخصیات اور کوکاکولا سسٹم کے ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب میں پراجیکٹ کا حصہ رہنے والے ہوم شیفس کی کامیابیوں کو سراہا گیا، کامیاب کاروباری سفر کی کہانیاں پیش کی گئیں اور خواتین کی معاشی خودمختاری میں منصوبے کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے نمایاں مہمانوں میں سمن رائے، سیکریٹری، محکمہ ترقیِ خواتین، حکومتِ پنجاب؛ سمیع واحد، نائب صدر، پاکستان و افغانستان ریجن، دی کوکاکولا کمپنی؛ سونائے سانلی، جنرل منیجر، کوکاکولا ایچیچک پاکستان؛ اور کیئر پاکستان کے نمائندگان شامل تھے۔
سمن رائے، سیکریٹری، محکمہ ترقیِ خواتین، حکومتِ پنجاب نے کہا:
"اپنے کاروبار کا آغاز کرنے والی خواتین کے لیے کاروباری اور پیشہ وارانہ مہارتیں حاصل کرنا صرف آغاز ہے۔ طویل مدتی کامیابی کے لیے مارکیٹ تک رسائی، مالیاتی آگاہی، نیٹ ورکس اور آگے بڑھنے کے مواقع بھی ضروری ہیں۔ ہوم شیفس پراجیکٹ جیسے اقدامات ایسا سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دیتے ہیں جہاں خواتین اپنی صلاحیتوں کو بامعنی اور پائیدار معاشی شمولیت میں تبدیل کر سکیں۔"
کیئر پاکستان کی اسسٹنٹ کنٹری ڈائریکٹر گل سعدیہ نے کہا:
"ہر کامیاب کاروبار کا آغاز اپنی صلاحیت پر یقین سے ہوتا ہے۔ بہت سی خواتین کے لیے یہ سفر ان کے گھر کے کچن سے شروع ہوتا ہے۔ کھانا پکانے کی تربیت کو عملی کاروباری، مالیاتی اور ڈیجیٹل مہارتوں کے ساتھ جوڑ کر اس منصوبے نے خواتین کاروباری افراد کو اعتماد بڑھانے، اپنے کاروبار مضبوط کرنے اور ترقی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا ہے۔"
تقریب میں جن کاروباری خواتین کو ان کی کامیابی پر سراہا گیا، ان میں بیک مائی ڈے کی بانی ماریا اوناس بھی شامل تھیں، جنہوں نے بتایا کہ اس منصوبے نے کاروبار چلانے کے حوالے سے ان کے اندازِ فکر میں کس طرح تبدیلی پیدا کی۔
ماریا اوناس نے کہا:
"اس منصوبے میں شامل ہونے سے پہلے مالی معاملات سنبھالنا، برانڈنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میرے لیے بہت مشکل محسوس ہوتے تھے۔ اس تربیت نے مجھے اپنے کاروبار کو زیادہ منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں چلانے، نئے صارفین تک پہنچنے اور مستقبل میں ترقی کے لیے زیادہ واضح سمت متعین کرنے میں مدد دی۔"
تقریب میں شریک ہوم شیفس کی مصنوعات پر مشتمل ایک خصوصی مارکیٹ پلیس بھی قائم کی گئی، جہاں مہمانوں کو اس منصوبے کے ذریعے سامنے آنے والی تخلیقی صلاحیت، جدت اور کاروباری استعداد کو براہِ راست دیکھنے اور سراہنے کا موقع ملا۔
یہ منصوبہ اس امر کی عملی مثال ہے کہ مخصوص اور ضرورت کے مطابق مہارتوں کی تربیت کو کاروباری معاونت کے ساتھ جوڑ کر پاکستان بھر کی خواتین کے لیے معاشی خودمختاری اور مالی استحکام کے نئے راستے پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
دی کوکاکولا فاؤنڈیشن کے بارے میں
دی کوکاکولا فاؤنڈیشن کا مشن دنیا بھر میں ان معاشروں میں مثبت فرق پیدا کرنا ہے جہاں دی کوکاکولا کمپنی کاروبار کرتی ہے اور جہاں اس کے ملازمین رہتے اور کام کرتے ہیں۔ فاؤنڈیشن ایسے مؤثر خیالات اور اداروں کی معاونت کرتی ہے جو پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹتے ہوئے قابلِ پیمائش اور دیرپا اثر پیدا کریں۔
فاؤنڈیشن کی مالی معاونت کے اہم شعبوں میں صاف اور محفوظ پانی تک پائیدار رسائی، آبی وسائل اور واٹرشیڈز کا تحفظ، ری سائیکلنگ ویلیو چینز، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور امدادی اقدامات، معاشی خوشحالی، اور اپنی مقامی کمیونٹی کو متاثر کرنے والے اہم مسائل شامل ہیں۔ 1984 میں قیام کے بعد سے دی کوکاکولا فاؤنڈیشن دنیا بھر میں معاشروں کو مضبوط بنانے کے اپنے مقصد کے تحت 1.8 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی گرانٹس فراہم کر چکی ہے۔