07-10-2025
لاہور، پاکستان – 2 اکتوبر 2025: کوکا کولا فاؤنڈیشن اور کوکا کولا سسٹم نے سماجی تنظیم ’رزق‘کے ساتھ شراکت میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد کھانے پہنچانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس مہم کے تحت 3,000 راشن بیگز (جن میں آٹا، چاول، گھی/تیل، چینی اور دالیں شامل ہیں) تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔ ہر راشن پیک ایک خاندان کے لئے ایک مہینے تک خوراک کی ضرورت پوری کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کمیونٹی دسترخوان اور 1 لاکھ سے زائد اوقات کے لئے پینے کے صاف پانی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شدید متاثرہ علاقوں میں کمبل، بستر اور خواتین کی بنیادی ضروریات کے سامان بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس منصوبے کے لیے کوکا کولا فاؤنڈیشن نے 1 لاکھ امریکی ڈالر دیے ہیں جبکہ کوکا کولا سسٹم (جس میں کوکا کولا بیوریجز پاکستان لمیٹڈ، کمپنی کا ترک باٹلنگ پارٹنر - سی سی آئی - شامل ہے) نے 30 ہزار ڈالر کا اضافہ کیا ہے۔ کوکا کولا کے رضاکار رزق کی ٹیم کے ساتھ مل کر متاثرہ خاندانوں تک سامان پہنچا رہے ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جو دور دراز ہیں اور جہاں سردی کے آغاز سے پہلے مدد پہنچانا ضروری ہے۔
کوکا کولا فاؤنڈیشن کے صدر، کارلوس پاگوگا نے کہا:”پاکستانی عوام کی ہمت اور حوصلہ ہمارے لیے متاثر کن ہے۔ 2022 کے سیلاب کے بعد بھی کوکا کولا فاؤنڈیشن نے بلوچستان میں فوری امداد فراہم کی تھی اور کوکا کولا پاکستان نے ٹھٹھہ میں پینے کے صاف پانی کے لیے سولر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا تھا۔ ہم رزق اور پنجاب، کے پی اور جی بی کی حکومتوں کے مشکور ہیں جن کی مدد سے یہ کام تیزی سے ممکن ہوا۔“
سی سی آئی پاکستان کے جنرل مینیجر، سنائے سانلی نے کہا:”ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری ٹیم سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہے اورداسانی پانی کی بوتلیں، راشن بیگز، بستر اور خواتین کے لیے ضروری سامان پہنچا رہی ہے۔ ان لوگوں کا حوصلہ دیکھ کر ہم مزید خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارا مقصد فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی میں بھی کردار ادا کرنا ہے تاکہ ایک مضبوط پاکستان بنایا جا سکے۔“
رزق کے سی ای او، قاسم جاوید نے کہا: ”کوکا کولا کا تعاون کمیونٹیز کو سہارا دینے کے لیے نہایت اہم ہے۔ یہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ وقت اور محنت کرنے والے رضاکار بھی ایک پیغام لے کر جا رہے ہیں کہ متاثرہ خاندان اکیلے نہیں ہیں۔“
یہ اقدامات کوکا کولا فاؤنڈیشن اور کوکا کولا سسٹم کی طرف سے پاکستان کے ساتھ مشکل وقت میں یکجہتی کی ایک مثال ہیں۔