22-08-2026
[پاکستان، 22 اگست 2026]
تقریباً دو دہائیوں سے، کوک اسٹوڈیو نے ملک بھر سے آوازوں، میوزک، زبانوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو ایک جگہ جمع کرکے پاکستانی موسیقی کو دنیا بھر میں پہنچانے اور پاکستان کی سب سے نمایاں ثقافتی پہچان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اب کوک اسٹوڈیو نے ”Coke Studio Nu.WAV“کا اعلان کیا ہے، جو ستمبر 2026 میں لانچ ہونے والا ایک نیا پلیٹ فارم ہے۔
کوک اسٹوڈیو کی بے مثال مقبولیت کے بعد، ”Nu.WAV“ ایک مختلف نوعیت کے تخلیقی تبادلے کی راہ ہموار کرے گا — ایک ایسی شروعات جس کی تشکیل وہ فنکار، پروڈیوسرز اور کہانی کار کر رہے ہیں جو اپنی آواز، اپنی کمیونٹیز اور اپنے سامعین خود کامیابی سے تراش رہے ہیں۔
کسی ایک مرکزی تخلیقی سوچ پر انحصار کرنے کے بجائے، کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“مختلف سوچ اور رجحانات کو خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ موسیقی، فلم، ڈیزائن اور ”visual storytelling“کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے منجھے ہوئے اور نئے ابھرتے ہوئے فنکاروں کو ایک ساتھ لاتے ہوئے، یہ پلیٹ فارم فنکاروں کو تجربات کرنے کی مکمل آزادی دے رہا ہے۔
اس کے نتیجے میں ایک منفرد صوتی شناخت (”sonic identity“) جنم لے رہی ہے، جو ابتدائی خیال سے لے کر فائنل مکس تک ایک الگ تاثر قائم کرے گی۔ اس پلیٹ فارم نے پروڈیوسرز اور آرٹسٹوں کو اپنے انداز میں کام کرنے کا موقع دیا ہے، لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ کوک اسٹوڈیو کے وسیع ایکو سسٹم سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ کے بارے میں بات کرتے ہوئے، دی کوکا کولا کمپنی کے جنرل مینیجر برائے پاکستان و افغانستان ریجن، سمیع واحد نے کہا:
”تقریباً دو دہائیوں سے کوک اسٹوڈیو ایک میوزک پلیٹ فارم سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے۔ 15 سیزنز اور تقریباً 350 گانوں کے ساتھ، یہ پاکستان کی ثقافتی شناخت کا ایک توانا اظہار بن چکا ہے۔ سب سے بڑھ کر، یہ قومی فخر کا ذریعہ ہے جو پاکستانیوں کی آوازوں، کہانیوں اور جذبات کو 180 سے زائد ممالک کے سامعین تک پہنچا رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ ابھرتے ہوئے فنکاروں کو اپنی شناخت بنانے کا موقع فراہم کر رہا ہے اور ملک کی تخلیقی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ اس شاندار روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سفر کا ایک نیا باب ہے، جو ان فنکاروں، پروڈیوسرز اور تخلیقی کمیونٹیز کے لیے مزید گنجائش پیدا کر رہا ہے جو آج کے پاکستان کی موسیقی کی تشکیل کر رہے ہیں۔“
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ کی تخلیقی قیادت ایگزیکٹو پروڈیوسر کمال خان کے ہاتھ میں ہے، جو ایک ایوارڈ یافتہ فلم میکر، ڈائریکٹر اور کوک اسٹوڈیو کے ساتھ طویل عرصے سے منسلک رہے ہیں۔
کمال خان، ایگزیکٹو پروڈیوسر، کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ نے کہا:
”کوک اسٹوڈیو نے ہاؤس بینڈ اور ایک ہی میوزیکل سمت کے ساتھ ایک شاندار سفر طے کیا۔ ’Nu.WAV‘ کا انداز مختلف ہے — لیپ ٹاپس، ہوم اسٹوڈیوز، اور آرٹسٹس و پروڈیوسرز جو بالکل اسی طرح کام کر رہے ہیں جیسے آج کل کے نوجوان کرتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے بیڈ رومز میں موسیقی بناتے اور اسے خود سے ریلیز کرتے ہوئے اپنا نام بنایا ہے۔ اس پلیٹ فارم کو اسی روح کی عکاسی کرنی تھی۔
میرا کام بس صحیح لوگوں کو ایک ساتھ لانا، انہیں ان کا کام کرنے دینا، اور پھر ان کے راستے کی رکاوٹیں دور کرنا تھا۔ اسی لیے ہر گانے کی اپنی ایک دنیا ہے کیونکہ ہر فنکار کی اپنی ایک دنیا ہے۔“
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ اس پلیٹ فارم کی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نئے دروازے کھول رہا ہے، جس میں نامور فنکاروں کے ساتھ ساتھ پہلی بار آنے والی آوازوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن میں ایسے آرٹسٹ بھی شامل ہیں جنہوں نے انڈیپنڈنٹ ریلیزز، لائیو پرفارمنسز اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے سامعین بنائے۔
اس راستے کو ”Nu.WAV Portal“ کے ذریعے مزید وسعت دی گئی، جس نے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو گائیکی، ڈانس اور دیگر تخلیقی شعبوں میں اپنا کام جمع کرانے کا موقع دیا۔ اس پورٹل پر پورے پاکستان سے ہزاروں اینٹریز موصول ہوئیں، جن کا جائزہ لے کر انہیں شارٹ لسٹ کیا گیا، جس سے نہ صرف ”Nu.WAV“ کے فنکاروں کی نشاندہی میں مدد ملی بلکہ فائنل میوزک لائن اپ سے ہٹ کر بھی بہترین تخلیق کاروں کا ایک وسیع پول سامنے آیا۔
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ کا افتتاحی ایڈیشن آریان ایس ڈی کیو (Aaryan SDQ)، افیوزک (Afusic)، عاصم اظہر، حسن رحیم، عز چغتائی، مانو (Maanu)، سباط باطن، شائے گل، ینگ اسٹنز (Young Stunners) اور زوہا وسیم کو ایک ساتھ لا رہا ہے — جس میں جانی مانی آوازوں کو پاکستان کے جدید میوزک منظرنامے میں ابھرنے والے بہترین نئے ٹیلنٹ کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
”Nu.WAV“ چھ گانوں پر مشتمل ہے جو ایک ساتھ پاکستانی شناخت کی ایک تصویر پیش کرتے ہیں، اور ہر گانا اپنے جذبات کی دنیا میں رچا بسا ہے: ماہیا، دل، رنگین، قسم، شبنم اور اے دیوانِ دل۔
یہ گانے مل کر ایک ایسا سفر طے کرتے ہیں جو تخیل سے شروع ہو کر اپنے پن کے احساس پر ختم ہوتا ہے، اور ایک ایسی نوجوان نسل کی عکاسی کرتا ہے جس کی ترجمانی آج کی موسیقی بنانے والے کر رہے ہیں۔
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ میں مختلف پروڈیوسرز کا ایک گروپ بھی شامل ہے جو ہر گانے کے لیے پسِ پردہ میوزک ترتیب دے رہا ہے، جس میں عبداللہ کسومبی، علی سومرو، جوکھئے (Jokhay)، روالیو (Rovalio)، طلال قریشی اور عمیر شامل ہیں۔
کوک اسٹوڈیو ”Nu.WAV“ کے چھ گانے فرداً فرداً ریلیز کیے جائیں گے، اور آنے والے ہفتوں میں ہر گانے، اس کے فنکاروں اور پسِ پردہ تخلیقی دنیا سے متعلق مزید تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔
اس دوران، اسپاٹیفائی (Spotify) پر کوک اسٹوڈیو کے اپنے پسندیدہ گانے سنتے رہیں اور کوک اسٹوڈیو کے اس سفر سے جڑے رہنے کے لیے www.cokestudio.com.pk اور انسٹاگرام (https://www.instagram.com/coke_studio) پر وزٹ کرتے رہیں۔