08-09-2026
کوک اسٹوڈیو پاکستان کے سیزن 14 کے مقبول ترین گانے ’’پسوڑی‘‘ نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرکے پاکستانی موسیقی کے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ علی سیٹھی اور شے گل کی آواز میں پیش کیا گیا یہ گانا ریلیز کے چار سال بعد بھی دنیا بھر میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
’’پسوڑی‘‘ فروری 2022 میں کوک اسٹوڈیو پاکستان سیزن 14 کے دوران ریلیز کیا گیا تھا، جس نے اپنی منفرد موسیقی، پنجابی اور اردو زبان کے امتزاج، جدید انداز اور روایتی لوک موسیقی کے رنگ کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
گانے کو زلفی نے کیوریٹ اور پروڈیوس کیا، جبکہ علی سیٹھی نے فضل عباس کے ساتھ مل کر اسے تحریر کیا اور زلفی کے ساتھ مل کر کمپوز کیا۔ عبداللہ صدیقی اور شیری خٹک نے میوزیکل ارینجمنٹ میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ عبداللہ صدیقی اور زلفی نے پروڈکشن کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
’’پسوڑی‘‘ کی ویڈیو بھی اپنی منفرد تخلیقی پیشکش کے باعث شائقین میں بے حد مقبول ہوئی۔ اس کی ہدایت کاری کمال خان نے کی، جبکہ احسن رضا نے سنیماٹوگرافی کی۔ ہاشم علی نے پروڈکشن ڈیزائن اور آرٹ ڈائریکشن کے فرائض انجام دیے۔ ویڈیو میں شیما کرمانی اور سرائیکی جھومر طرز کے رقاصوں سمیت مختلف فنکاروں کو شامل کیا گیا، جس نے گانے کے روایتی اور جدید امتزاج کو مزید نمایاں کیا۔
کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے جنرل منیجر سمیع وحید نے ’’پسوڑی‘‘ کے ایک ارب ویوز مکمل ہونے پر کہا کہ یہ کوک اسٹوڈیو اور پاکستانی موسیقی دونوں کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً دو دہائیوں سے کوک اسٹوڈیو پاکستان کی موسیقی، زبانوں اور کہانیوں کو 180 سے زائد ممالک کے سامعین تک پہنچا رہا ہے اور ’’پسوڑی‘‘ اس بات کی بہترین مثال ہے کہ اپنی ثقافتی شناخت سے جڑا ہوا گانا کس طرح دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں تک پہنچ سکتا ہے۔
گوگل کے پاکستان، فلپائن، تھائی لینڈ اور فرنٹیئر مارکیٹس کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ یوٹیوب موسیقی اور ثقافت کے اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے پاکستان اپنی بھرپور ثقافت، کہانیاں اور صلاحیتیں دنیا تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پسوڑی‘‘ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقامی ثقافت جب یوٹیوب کے ذریعے عالمی سطح پر پہنچتی ہے تو سرحدوں سے بالاتر ہوکر دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرسکتی ہے۔
’’پسوڑی‘‘ کی عالمی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ 2022 میں گوگل کی عالمی ’’ایئر اِن سرچ‘‘ فہرست میں یہ گانا ’’سانگز‘‘ کے زمرے میں دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ ’’ہم ٹو سرچ: ٹاپ سانگز‘‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
کوک اسٹوڈیو پاکستان کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد بھی تقریباً 18 ملین تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ’’پسوڑی‘‘ اب بھی چینل کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ہے۔ گانے کی مقبولیت صرف اصل میوزک ویڈیو تک محدود نہیں رہی بلکہ یوٹیوب شارٹس پر اس سے متعلق 20 لاکھ سے زائد صارفین کی تیار کردہ ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی یوٹیوب چینلز کے مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد سے زائد حصہ بیرون ملک سے حاصل ہوتا ہے، تاہم ’’پسوڑی‘‘ نے اس حوالے سے بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی، کیونکہ اس کی آفیشل میوزک ویڈیو کے تقریباً 90 فیصد ویوز بین الاقوامی سامعین کی جانب سے حاصل ہوئے۔ یہ ویڈیو دنیا کے 60 سے زائد ممالک میں دیکھی جاچکی ہے۔
’’پسوڑی‘‘ کا یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا سنگ میل کوک اسٹوڈیو پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جارہا ہے، جو پاکستانی فنکاروں، موسیقاروں اور تخلیق کاروں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔