پاکستان میں پلاسٹک ویسٹ کلیکشن پراجیکٹ کے لیے کوکا کولا فاؤنڈیشن کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز(UNOPS)کو 5 لاکھ امریکی ڈالر کی معاونت

28-11-2025

کوکا کولا فاؤنڈیشن نے اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصدپاکستان کی PETری سائیکلنگ ویلیو چین میں پائیداری اور باعزت روزگار کو فروغ دیناہے۔ اس مقصد کے لیے فاؤنڈیشن کی جانب سے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ یہ پراجیکٹ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں شروع کیا جائے گا جہاں روزانہ 3,300 ٹن سے زائد کچرا پیدا ہوتا ہے، جس کا تقریباً 79 فیصد حصہ ری سائیکلنگ کے قابل ہے۔ یہ شراکت داری اسلام آباد میں باضابطہ طورپر طے پائی، جس میں ڈاکٹر فیصل ہاشمی،سینئر ڈائریکٹر، پبلک افیئرز، کمیونیکیشن اینڈ سسٹین ایبلٹی، کوکا کولاپاکستان،  جینیفر اینکرم،کنٹری منیجر، UNOPS پاکستان، اور گیر ٹونسٹول، کنٹری ڈائریکٹر، ILO پاکستان سمیتILO کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔

 

پراجیکٹ کی اہم سرگرمیوں میں ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق چیلنجز کا جامع تجزیہ، ویسٹ اٹھانے اور ویسٹ ہینڈلرز کے لیے پیشہ ورانہ تحفظ و صحت کی تربیت، کچرا اٹھانے والوں کے لیے کوآپریٹوز کی تشکیل میں معاونت، اور PET ری سائیکلنگ ویلیو چین کی تشخیص اور اسٹریکچرتیار کرنے پر مبنی تفصیلی مطالعہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ILO ایک UN خصوصی ایجنسی کے طور پر محنت کشوں کے حقوق، پیشہ ورانہ صحت و تحفظ، اور غیر رسمی محنت کشوں کی رسمی حیثیت سے متعلق اپنی تکنیکی مہارت فراہم کرے گی۔

 

کوکا کولافاؤنڈیشن کے صدر، کارلوس پاگوگا نے کہا:”UNOPS کے ساتھ شراکت داری کوکا کولا فاؤنڈیشن کے اس عزم کو تقویت دیتی ہے کہ وہ ویسٹ کلیکشن اور مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان غیر رسمی کچرا اٹھانے والوں کو بھی وہ شناخت، تحفظ اور ترقی کے مواقع فراہم کرے جو اس پورے نظام کی بنیاد ہیں۔“

 

ڈاکٹر فیصل ہاشمی، سینئر ڈائریکٹر، کوکا کولا پاکستان نے کہا:”ہم کوکا کولا فاؤنڈیشن کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس اہم پراجیکٹ کی معاونت کی۔ یہ اقدام مقامی کمیونٹی میں باہمی فوائد اور پائیدار ترقی کے سفر میں ایک قابلِ قدر پیش رفت ہے۔“

 

 یو این او پی ایس (UNOPS)پاکستان کی کنٹری منیجر،  جینیفر اینکرم نے کہا:”اس پراجیکٹ کے ذریعے PET ری سائیکلنگ ویلیو چین کو مضبوط بنانے سے نہ صرف پلاسٹک آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ پاکستان کے غیر رسمی کچرا اٹھانے والوں کو محفوظ، مستحکم اور باعزت روزگار فراہم کرنے میں بھی معاون ہوگا۔ کوکا کولا فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ہم فضلے کو ایک قیمتی معاشی موقع میں تبدیل کرنے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔“

 

آئی ایل او(ILO)پاکستان کے ڈائریکٹر، گیر ٹونسٹول نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”PET ری سائیکلنگ ویلیو چین میں منصفانہ اور پائیدار تبدیلی ممکن ہی تب ہے جب سماجی مکالمے کو فروغ دیا جائے اور انسانی سرمائے پر سرمایہ کاری کی جائے۔ یہ شراکت داری باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، محنت کشوں کی صلاحیتیں بہتر بنانے اور OSH پروٹوکول کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔“

 

ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (WWF) کے مطابق پاکستان میں سالانہ تقریباً 20 لاکھ ٹن پلاسٹک ویسٹ پیدا ہوتا ہے، جس میں سے 86 فیصد مناسب طریقے سے ٹھکانے نہیں لگایا جاتا۔ دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی ویسٹ کلیکشن اور مینجمنٹ کے شعبے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی مسائل جنم لیتے ہیں۔ یہ پائلٹ پراجیکٹ ایک ایسے پائیدار اور جامع فریم ورک کی راہ ہموار کرے گا جسے قومی سطح پر اپنا کر پاکستان میں ویسٹ کلیکشن، مینجمنٹ اور ری سائیکلنگ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے گا۔